کویمبٹور،4مارچ(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پلوامہ میں 14 فروری کو دہشت گردانہ حملے کے واقعہ کے بعد دہشت گردوں پر ہندوستانی فضائیہ کے ہوائی حملے کا ذکر کرتے ہوئے صدر رام ناتھ کووند نے کہا کہ قوم کی خود مختاری کی حفاظت کے لئے ہندوستان اپنی پوری طاقت کا استعمال کرے گا۔یہاں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ مختلف ممالک کے نقطہ نظر میں بین الاقوامی سطح پر جیسے جیسے ہندوستان کا قد بڑھا ہے ویسے ویسے اس کی مسلح افواج کی طاقت اور صلاحیت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔کووند نے کہاکہ ہندوستان امن کیلئے پر عزم ہے لیکن ضرورت پڑنے پرملک کی خودمختاری کی حفاظت کے لیے ہم اپنی پوری طاقت کا استعمال کریں گے،مجھے یقین ہے کہ فوج میں ہمارے بہادر مرد اور بہادر خواتین فوجی ایسے وقت میں اپنا دم خم دکھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بہادرنوجوانوں کے ساتھ لیس ملک کی مسلح فوجیں قوم کی حفاظت کے لئے ہمارے اسی عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔
صدر نے کہاکہ ان کی بہادری اور پیشے ورطریقہ کو ہم نے حال ہی میں دیکھا ہے،جس طرح سے ہندوستانی فضائیہ نے دہشت گرد ٹھکانوں کو نشانہ بنا کر حملے کئے، یہ اسی کی مثال ہے۔ہندوستانی فضائیہ نے 26 فروری کو پاکستان میں واقع دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ٹھکانوں پر حملے کیے تھے۔